وہاب کو گیند کرتے دیکھ کر مزہ آ گیا، کئی گیندیں تو بہت خطرناک تھیں: غیر ملکی کرکٹرز
ایڈیلیڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ 2015ءسے باہر تو ہو چکی ہے لیکن اس میچ میں وہاب ریاض نے اپنی شاندار باﺅلنگ کی ایسی چھاپ چھوڑی ہے جسے برسوں یاد رکھا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا اور سابق کرکٹرز بھی وہاب ریاض کی باﺅلنگ کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکے ہیں اور انہیں بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے وہاب ریاض کی بولنگ کو ورلڈ کپ کی سب سے بہترین بائولنگ میں سے ایک کہا جا رہا ہے جنہوں نے 54 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آٖئوٹ کیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 6 وکٹ کی شکست سے نہ بچا سکے۔ان کی ”خوفناک“ باﺅلنگ کا نشانہ بننے والے آسٹریلوی بلے باز شین واٹسن کا کہنا ہے کہ ”وہاب ریاض جو کچھ کر سکتے تھے انہوں نے کیا، کئی گیندوں تو بہت خطرناک تھیں۔۔۔ میں خوش قسمت تھا کہ اس سپیل میں بچ گیا“۔آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ انہوں نے بہت لمبے عرصے سے ایک روزہ میچوں میں اتنی اچھی باٖئولنگ نہیں دیکھی۔اگر واٹسن کا وہ کیچ لے لیا جاتا تو کچھ پتہ نہیں کیا ہو جاتا۔ ’یہ میچ یقینی طور پر بہت ہی قریب چلا جاتا۔‘آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کہتے ہیں کہ ”میں نے ایک لمبے عرصے سے اتنا اچھا سپیل نہیں دیکھا۔ وہاب نے شاید ہی کوئی ہلکی گیند کی ہو گی“۔
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز برائن لارا نے اس میچ کے بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ”آج وہاب ریاض کو گیند کرتے دیکھنے کا مزہ آ گیا۔ ان کے اعداد و شمار کبھی نہیں بتا پائیں گے کہ اس پاکستانی کی طرف سے تیز بائولنگ کا کتنا اچھا سپیل کیا گیا تھا“۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ وہاب نے پورے ورلڈ کپ میں اچھی بائولنگ کی اور وہ بہت مختلف باٖٖئولر ہیں۔ ”انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی کلاس دکھائی اور ایک وقت ایسا آ گیا تھا کہ ہم کھیل میں واپس آ چکے تھے“۔ مصباح کہتے ہیں کہ ”جس طرح وہ (وہاب) گیند کر رہا تھا وہ کیچ (میچ کے نتائج پر) فرق ڈال سکتا تھا“۔خود وہاب ریاض کا اپنی پرفارمنس کے بارے میں کہنا تھا کہ ” کہ ہم نے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کا کھیل دیکھا تھا اور میچ سے پہلے گفتگو کے دوران ایک منصوبہ بنایا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ واٹسن شارٹ گیندوں کے خلاف بہتر نہیں کھیلتے اس لیے مجھے جارحانہ گیند کرنی تھی۔ یہ منصوبہ کافی حد تک کامیاب بھی رہا لیکن بدقسمتی سے ہم میچ نہ جیت سکے“۔
No comments